جموں:جموں و کشمیر کے دو اضلاع پونچھ و راجوری میں ہفتہ کے روز موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئیں۔ سیکورٹی فورسز نے دونوں اضلاع میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ بفلیاج علاقے میں تین لوگوں کی پراسرار موت کے بعد پونچھ اور راجوری ضلعوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئی ہیں۔ یہاں پر دہشت گردوں نے جمعرات کو فوج کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا۔بفلیاج علاقے کے ڈیرا کی گلی میں جمعرات کو فوج کی جپسی اور ٹرک پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں پانچ جوان شہید ہو گئے تھے اور دو زخمی ہوئے تھے۔ مبینہ طور پر دہشت گرد شہید فوجیوں کے سروس اسلحے لے کر بھاگ گئے۔ سیکورٹی فورسز نے پونچھ اور راجوری ضلعوں کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی جہاں مبینہ طور پر 30 دہشت گردوں کا ایک گروپ چھپا ہوا ہے۔ بفلیاج علاقہ کے ٹوپا پیر گاؤں کے تین مقامی لوگوں کی شناخت محمد شوکت، شبیر احمد اور سفیر حسین کی شکل میں ہوئی ہے جو جمعہ کو پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔
سینئر پولیس اور پولیس افسر حالات پر نظر رکھ رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اضافی تعیناتی بھیج دی گئی ہے۔ افسران نے کہا کہ غیر سماجی عناصر کے ذریعہ افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاط کے طور پر موبائل انٹرنیٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ مارے گئے تینوں لوگوں کو فوج اٹھا لے گئی ہے۔ تینوں لوگوں کی موت کے اسباب سے متعلق کوئی آفیشیل تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس درمیان پونچھ اور راجوری دونوں ہی ضلعوں میں وسیع تلاشی مہم چلنے کے باوجود سیکورٹی فورسز اب تک چھپے دہشت گردوں کا پتہ لگانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔
No Comments: