قومی خبریں

خواتین

تلنگانہ میں بی جے پی کا انتخابی منشورجاری

امت شاہ نے کہا کہ تین طلاق، دفعہ 370 اور رام مندر سےمتعلق یقین دہانیوں کو پورا کیا گیا

حیدرآباد:بی جے پی کے سرکردہ لیڈر امت شاہ نے آج تلنگانہ میںبی جے پی کا انتخابی منشور یہ کہتے ہوئے جاری کیا کہ پارٹی نے عوام کو جو یقین دہانی کرائی تھی، اُس نے اُن سبھی یقین دہانیوں کو پورا کردیا ہے اور وہ ہر وعدے پر عمل کرے گی۔ چناؤ منشور جاری کرنے کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تین طلاق، آئین کی دفعہ 370 اور رام مندر سے متعلق سبھی یقین دہانیوں کو پورا کیا گیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، جس کیلئے ایک علاحدہ ریاست بنائی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت راشٹر سمیتی کے سربراہ کے کنبے کی بدعنوانی کی وجہ سے تلنگانہ ریاست، قرضوں کے بوجھ والی ریاست بن کر رہ گئی ہے اور عوام کی سرکار ایک کنبے کا راج بن کر رہ گیا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ ریاست میں فنڈس، پانی اور روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی بھی نشانہ پورا نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ بی جے پی کا انتخابی منشور جناب نریندر مودی کی گارنٹی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی جو کہتی ہے وہ کرتی ہے اور بی جے پی کے اقتدار میں آنے کی صورت میں تلنگانہ میں اگلا وزیر اعلیٰ پسماندہ طبقے سے ہوگا۔
انتخابی منشور میں مذہب کے نام پر دیئے گئے ریزرویشن کو ختم کرنے اور اِسے پسماندہ طبقوں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبیلوں کو دینے کی بات کہی گئی ہے۔بی جے پی نے مرکزی اسکیموں پر عملدرآمد کیلئے ایک علاحدہ وزارت بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔پارٹی نے یقین دلایا ہے کہ خلیج کے ملکوں میں کام کرنے والوں کی بہبود کیلئے ایک الگ ایجنسی قائم کی جائے گی، سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج بدعنوانی کے سبھی الزامات کی انکوائری کریں گے اور بھرتی کا نوٹیفکیشن ہر چھ مہینے بعد جاری کیا جائے گا۔ چناؤ منشور میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پرویٹ یں کٹوتی کی جائے گی۔ ساتھ ہی ہر کنبے کیلئے دس لاکھ روپئے کے صحت بیمہ کا یقین دلایا گیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد کو آزادی ملنے کے جشن کو سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور ایک میوزیم اور ایک میموریل قائم کیا جائے گا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *