قومی خبریں

خواتین

اسرو کے سائنسدانوں کو 17ماہ سے تنخواہ نہیں ملی

اتنے اہم مشن کے لیے بجٹ میں 32 فیصد کی کٹوتی کیوں ہوئی؟ کانگریس لیڈر وینوگوپال کا سوال

نئی دہلی: کانگریس نے چندریان3 کی کامیابی پر ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے لیکن کہا ہے کہ اس کا کریڈٹ لینے کی دوڑ میں وزیر اعظم نریندر مودی سب سے آگے ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ انہوںنے اس ٹیم سے وابستہ سائنسدانوں کو نظر انداز کیا اور انہیں 17ماہ سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ جیسے ہی چندریان -3 چاند کی سطح پر اترا، مودی ٹی وی اسکرین پر نمودار ہوئے اور اس ٹیم سے وابستہ سائنسدانوں کی مدد کرنے میں اپنی ناکامی پر افسوس کرنے کے بجائے سائنسدانوں کی محنت کی کامیابی کا کریڈٹ لینا شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ چندریان-3 کی لینڈنگ کا جوش اور فخر ہمارے ساتھ طویل عرصے تک رہے گا۔
اسرو نے واقعی چیئرمین ڈاکٹر سومناتھ کی قیادت میں تاریخ رقم کی ہے اور اس کیلئے انہیں اور ان کی ٹیم کو دلی مبارکباد۔ وینوگوپال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو اس کا جواب دینا چاہیے کہ وہ کس طرح باہر آئے اور اس دوران انہوں نے کس طرح کی منافقت کی۔ آپ نے اسکرین پر آنے اور لینڈنگ کے بعد کریڈٹ لینے میں جلدی کی لیکن آپ کی حکومت سائنسدانوں اور اسرو کی مدد کرنے میں بری طرح ناکام کیوں رہی؟
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ چندریان 3 پر کام کرنے والے ایچ ای سی انجینئروں کو گزشتہ 17 ماہ سے تنخواہ کیوں نہیں ملی اور آپ نے اتنے اہم مشن کے لیے بجٹ میں 32 فیصد کی کٹوتی کیوں کی؟ وہ ہمارے ملک کے ہیرو ہیں۔ وہ عالمی معیار کا خلائی تحقیقی پروگرام چلاتے ہیں لیکن آپ کو ان کی صلاحیتوں اور محنت کی کوئی قدر نہیں۔ آپ اس وقت روشنی میں آئے جب وہ لمحہ سائنسدانوں کی کامیابیوں کا جشن منانے کا تھا۔ ملک بھر میں چندریان 3کی کامیابی کا جشن منایا جارہا ہے جبکہ دنیا کے کئی ممالک نے اس کامیابی پر ہندوستان کو مبارکباد دی ہے ۔اسرو نے چندریان کو چاند کی سطح پر پہنچاکر ایک تاریخ رقم کی ہے جس کی دنیا بھر میں ستائش کی جارہی ہے ۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *