جموں و کشمیر کی 90 نشستوں والی اسمبلی کے لیے ہوئے انتخاب کا نتیجہ آج برآمد ہو گیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر سبھی سیٹوں کا نتیجہ سامنے آ چکا ہے اور ’انڈیا اتحاد‘ نے اکثریت کے لیے ضروری 46 سیٹوں کا نمبر بہ آسانی پار کر لیا ہے۔ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور سی پی آئی ایم کے اس اتحاد نے 49 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر بی جے پی اور پی ڈی پی کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی انڈیا اتحاد نے حکومت سازی کی سرگرمیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈر فاروق عبداللہ نے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔انتخابی نتیجہ کا سرسری جائزہ لیا جائے تو نیشنل کانفرنس نے 42، کانگریس نے 6 اور سی پی آئی ایم نے ایک سیٹ حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے جن 29 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، وہ سبھی جموں علاقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ جموں میں 43 اسمبلی سیٹیں ہیں جن میں سے 29 پر بی جے پی نے، 8 پر انڈیا اتحاد نے اور 6 پر دیگر نے قبضہ کیا۔ کشمیر علاقہ کی 47 سیٹوں میں انڈیا اتحاد نے 41، پی ڈی پی نے 3 اور دیگر نے 3 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیے یہ ایک بڑی خوشخبری کہی جائے گی کہ ڈوڈہ سے ان کے امیدوار مہراج ملک نے کامیابی حاصل کی ہے۔ مہراج ملک نے بی جے پی امیدوار گجے سنگھ رانا کو 4538 ووٹوں سے شکست دی۔
برآمد نتائج میں سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی کی حالت بہت خستہ نظر آ رہی ہے۔ اس پارٹی کو محض 3 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، اور ان میں بھی ایک سیٹ ایسی ہے جہاں پانچ سو سے بھی کم ووٹوں سے کامیابی ملی ہے۔ پی ڈی پی امیدوار رفیق احمد نائک نے ترال سیٹ پر کانگریس امیدوار سرندر سنگھ کو 460 ووٹوں سے ہرایا ہے۔ کپواڑہ میں پی ڈی پی امیدوار میر محمد فیاض اور پلوامہ میں پی ڈی پی امیدوار وحید الرحمن پارا نے کامیابی حاصل کی ہے۔ جموں و کشمیر پیپل کانفرنس (جے پی سی) کو بھی ایک سیٹ ملی ہے، اور وہ ہندواڑہ اسمبلی سیٹ ہے۔ اس سیٹ پر سجاد غنی لون نے نیشنل کانفرنس امیدوار چودھری محمد رمضان کو 662 ووٹوں سے ہرایا۔
کانگریس نے جموں و کشمیر کی جن 6 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے وہ وگورا-کریری، باندی پورہ، سنٹرل شالتینگ، ڈورو، اننت ناگ اور راجوری سیٹیں ہیں۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کانگریس نے 38 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے، جن میں سے 5 سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کے ساتھ دوستانہ مقابلہ تھا۔ دوسری طرف نیشنل کانفرنس نے 56 سیٹوں پر امیدوار اتارے تھے اور 42 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
No Comments: