پریاگ راج :آج الہ آباد ہائی کورٹ میں گیانواپی سے متعلق زیر التوا مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایس آئی سروے (آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا) اور سول سوٹ کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے سول سوٹ سے متعلق معاملہ میں فیصلہ محفوظ کر لیا اور عدالت اس معاملے پر 28 اگست کو فیصلہ سنائے گی۔ دوسری جانب عدالت بدھ کو بھی اے ایس آئی سروے سے متعلق عرضی پر سماعت کرے گی۔
اس معاملہ میں مسلم فریق مسجد انتظامیہ کمیٹی اور یوپی سنی سنٹرل وقف بورڈ کی طرف سے عرضیاں دائر کی گئی ہیں۔ سویم بھو آدی ویششور ناتھ مندر ہندوؤں کی طرف سے ایک فریق ہے۔ اس معاملہ کی سماعت عدالت میں جسٹس پرکاش پاڈیا کی سنگل بینچ میں ہوئی۔ واضح رہے کہ وارانسی کی عدالت نے گیانواپی کیمپس کے اے ایس آئی سروے کا حکم دیا تھا، جس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
مسجد کی انتظامیہ کمیٹی اور یوپی سنی سنٹرل وقف بورڈ نے وارانسی کی عدالت کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ گیانواپی کا سروے بھی پیر کو شروع ہوگیا تھا، لیکن اس دوران سپریم کورٹ نے سروے پر دو دنوں کے لئے روک لگا دی تھی اور عرضی گزاروں کو ہائی کورٹ جانے کیلئے کہا تھا۔ معلومات کے مطابق وارانسی ڈسٹرکٹ جج کے اے ایس آئی سروے کے حکم کے خلاف مسلم فریق کی جانب سے نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
اس معاملے میں 21 جولائی کو وارانسی کے ضلع جج نے ایس آئی کے سروے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اے ایس آئی نے سروے بھی شروع کر دیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اے ایس آئی کے سروے پر 26 جولائی کی شام 5 بجے تک روک لگا دی تھی۔
No Comments: