نئی دہلی :بہار میں مسلسل گرتے پلوں کے معاملے پر پیرکو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں بہار حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ بہار میں مسلسل گرتے پلوں کے معاملے میں سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی کئی درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔
سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ان درخواستوں میں گزشتہ چند ہفتوں میں بہار میں مسلسل گرتے پلوں کی حفاظت اور استحکام کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے ان درخواستوں پر بہار حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے معاملے کی سنگینی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے بہار اور این ایچ اے آئی کے علاوہ روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری، بہار اسٹیٹ برج کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین اور رورل ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔
No Comments: