قومی خبریں

خواتین

ہلدوانی ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کی بازآبادکاری کی ہدایت

باز آبادکاری کے سلسلے میں مرکز اور ریلوے حکام کے ساتھ میٹنگ کی جائے۔سپریم کورٹ

نئی دہلی :اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ریلوے کی زمین پر تجاوزات کے معاملے کی سماعت بدھ کو سپریم کورٹ میں ہوئی۔ اس دوران سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ لوگ بھی انسان ہیں اور ایسے میں ریلوے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں یہاں سے ہٹانے سے قبل ان کی بازآبادکاری کرے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالت ظالمانہ رویہ اختیار نہیں کر سکتی ۔ اتھارٹی کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہلدوانی ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے والے لوگوں کی بازآبادکاری کی جائے تاکہ ریلوے اسٹیشن کا ڈیولپمنٹ ہو سکے۔
سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری سے کہا ہے کہ وہ ہلدوانی میں ریلوے کی زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے والے 50 ہزار لوگوں کی باز آبادکاری کے سلسلے میں مرکز اور ریلوے حکام کے ساتھ میٹنگ کریں۔ مرکزی حکومت کی درخواست پر سپریم کورٹ کے جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سماعت جاری ہے۔ دراصل گزشتہ سال 5 جنوری کو سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگا دی تھی۔ ہائی کورٹ نے ریلوے کی 29 ایکڑ اراضی پر سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ مرکزی حکومت نے اس فیصلے پر سپریم کورٹ کی طرف سے لگائے گئے اسٹے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی تھی جس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مذکورہ ہدایات دی ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *