قومی خبریں

خواتین

مہنت یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ

جمعیۃ کے وفد کی غازی آباد پولیس کمشنر سے ملاقات، دہلی کے تھانہ میں شکایت درج

نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں غازی آباد کے پولیس کمشنر اجے کمار مشرا سے ملاقات کی اور انہیں ایک تحریری یادداشت پیش کی، جس میں مہنت یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نرسنگھانند پر الزام ہے کہ اس نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیانات دیے ہیں، جس کی وجہ سے مسلم کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
دوسری طرف شام کو جمعیۃ کے وفد نے دہلی کے پولیس اسٹیشن میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے شکایت بھی درج کرائی۔ وفد میں ناظم عمومی مولانا حکیم الدین کے علاوہ مولانا مفتی اسجد قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء غازی آباد، مولانا غیور قاسمی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا ذاکر قاسمی اور عظیم اللہ صدیقی شامل تھے۔ دہلی پولیس اسٹیشن کے وفد میں ایڈوکیٹ عاقب بیگ، مولانا قاسم نوری اور اسعد میاں بھی موجود تھے۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے غازی آباد کے پولیس کمشنر کے سامنے کمیونٹی کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگھانند کے توہین آمیز بیانات نے مسلمانوں کے دلوں کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نرسنگھانند کو دو سال قبل بھی نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ شرط یہ تھی کہ وہ دوبارہ ایسے بیانات نہیں دے گا لیکن اس نے مسلسل ان شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
مولانا قاسمی نے اس بات پر زور دیا کہ نرسنگھانند نے اس بار تمام حدیں پار کرتے ہوئے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی ہے، جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ بھارتیہ نیایہ سنہتا، 2023 کی دفعات 79، 196(اے)، 197 (سی) اور (ڈی)، 299، 302 اور 352 کے تحت فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ مجرم اپنے جرم کی سزا پا سکے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *