قومی خبریں

خواتین

نفرت پھیلا کر ماحول خراب کرنے والے یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ

رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کی ایما پر قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ کو مکتوب

آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کی ایما پر عبدالواحد قریشی (چیئرمین دہلی پردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ) کی قیادت میں قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ کو مکتوب دیا گیا۔ اس مکتوب میں نفرت پھیلا کر ماحول خراب کرنے والے یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس مکتوب پر چیئرمین اقبال سنگھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کمیشن سے جو کچھ ہو سکے گا وہ کارروائی ضرور کرے گا۔عبدالواحد قریشی کا کہنا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کی گئی گستاخی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ اس لئے ملک و ملت کے ماحول کو پرامن اور سازگار بنانے کے لئے ایسے نفرت کے پجاریوں کو ہمیشہ ہمیش کے لئے جیل میں ڈالنا از حد ضروری تو ہے ہی، ان پر سخت کاروائی بھی کی جانی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی سبھی مل جل کر رہتے آئے ہیں جو نفرت پھیلانے والوں کو برداشت نہیں ہوتا۔ اسی لئے وہ وقتاً فوقتاً اس قسم کی بیان بازی کرتے رہتے ہیں تاکہ ملک کا امن و امان خراب ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس طرح کی بیان بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے۔
اس موقع پر کانگریس لیڈر مخدوم خان نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی سے نفرت پھیلانے کا کام کیا جا رہا ہے، لیکن یہ بات امن پسند عوام اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے شخص کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے۔ جب قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ کو مکتوب پیش کیا گیا تو وہاں مولانا نسیم الحق قاسمی، مخدوم خان، انل واڈرا، کنول جیت سنگھ بٹو، تبسم، رضوان پرویز، مشرف، چاہت خان و دیگر افراد موجود تھے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *