نئی دہلی: حکومت نے پیاز کی قیمتوں میں کمی کو روکنے کے اقدام کے طور پر پیاز کی برآمد پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پیاز پیدا کرنے والی اہم ریاست مہاراشٹر کے پیاز کے علاقے میں انتخابات سے عین قبل کیا گیا ہے۔ہفتہ 4 مئی کو وزارت تجارت اور صنعت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (ڈی جی ایف ٹی) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیاز کو برآمد کے لیے محدود آئٹم کے بجائے مفت آئٹم بنا دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ ملک سے باہر فروخت ہونے والی پیاز کی کم از کم قیمت 550 ڈالر فی ٹن لازمی ہوگی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پیاز کی برآمد پر پابندی کا معاملہ سیاسی طور پر زور پکڑنے لگا تھا۔ پیاز کی برآمد پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پابندی کی وجہ سے قیمتیں گر رہی ہیں اور پیاز پیدا کرنے والے کسان پریشان ہیں۔مہاراشٹر کے ناسک علاقے میں پیاز کی پیداوار بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔ ہندوستان میں پیاز کی پیداوار 30 ملین ٹن سے کچھ زیادہ ہے۔ پیاز کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے حکومت نے 8 دسمبر اور 22 مارچ کو اس کی برآمد پر پابندی لگا دی تھی۔جسے بعد میں غیر معینہ مدت تک بڑھا دیا تھا۔ مرکز نے حال ہی میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات سمیت کچھ پڑوسیوں ممالک کو محدود مقدار میں پیاز برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔
No Comments: