قومی خبریں

خواتین

دہلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے پر کانگریس نے مودی حکومت کو گھیرا

کھڑگے کی نظر میں مجرمانہ غفلت اور بدعنوانی کانتیجہ۔پرینکا نے ’چندہ لو اور دھندہ دو‘ کا بدعنوان ماڈل قرار دیا

نئی دہلی :کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بارش کے بعد دہلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے پر بی جے پی اور نریندر مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ کھڑگے نے اس حادثے کے لیے مودی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور بدعنوانی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت مودی حکومت کے گزشتہ 10 سالوں میں گھٹیا انفراسٹرکچر کے تاش کے پتوں کی طرح گرنے کے لیےذمہ دار ہے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ دہلی ایئرپورٹ (ٹی 1) کی چھت گرنا، جبل پور ایئرپورٹ کی چھت کا گرنا، ایودھیا کی نئی سڑکوں کی خراب حالت، رام مندر میں پانی کا ٹپکنا، ممبئی ٹرانس ہاربر لنک روڈ میں دراڑیں پڑنا، بہار میں 2023 اور 2024 میں بنائے گئے 13 نئے پلوں کا گرنا، پرگتی میدان ٹنل کا بار بار ڈوبنا، گجرات میں موربی پل گرنے کا سانحہ… یہ کچھ ایسی مثالیں ہیں جو مودی اور بی جے پی کے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بلند و بانگ دعووں کو بے نقاب کرتی ہیں۔
پرینکا گاندھی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’مارچ میں وزیر اعظم نے دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل -1 کا افتتاح کیا تھا، آج اس کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک کیب ڈرائیور کی المناک موت ہو گئی۔ تین ماہ قبل وزیر اعظم نے جبل پور ایئرپورٹ کا افتتاح کیا تھا، اس کی بھی چھت گر گئی۔ ایودھیا میں تعمیراتی کاموں کی خراب حالت سے ملک غمزدہ ہے۔ یہ بی جے پی کا ’چندہ لو اور دھندہ دو‘ کا بدعنوان ماڈل ہے، جس سے اب پردہ اٹھ چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا وزیر اعظم ان ناقص تعمیراتی کاموں اور اس بدعنوان ماڈل کی ذمہ داری لیں گے؟

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *