نئی دہلی : 22 جنوری کو ایودھیا رام مندر پران پرتشٹھا تقریب کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس خاص دن پر سرکاری دفاتر میں آدھے دن کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ ایودھیا میں رام مندر پران پرتشٹھا کے موقع پر 22 جنوری کو مرکزی حکومت کے سبھی دفاتر آدھے دن کے لئے بند رہیں گے۔ آدھے دن کے لئے دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ عقیدت مندوں کے جذبات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ 22 جنوری کو یوپی میں اسکول، کالج اور شراب کی دکانیں بند رہیں گی۔ مدھیہ پردیش میں بھی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں اس دن شراب اور بھانگ کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ گوا حکومت نے بھی 22 جنوری کو پران پرتشٹھا پروگرام کے پیش نظر سرکاری ملازمین، اسکولوں اور کالجوں کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔پران پرتشٹھا کے پیش نظر خبریں آ رہی ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی 21 جنوری کی رات ہی لکھنؤ پہنچ سکتے ہیں۔ 22 جنوری کو پران پرتشٹھا پروگرام سے پہلے وہ سریو ندی میں اشنان کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سریو سے کلش میں پانی بھر کر رام کی پیڑی پر ناگیشورناتھ مندر میں پوجا کر سکتے ہیں۔
No Comments: