ئی دہلی: راجدھانی دہلی کے روہنی میں اتوار کو زبردست دھماکہ ہوا، جس کے بعد پورے علاقے میں سفید دھواں آسمان میں پھیل گیا۔ پرشانت وہار علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کی شدت کی وجہ سے وہاں کے مقامی لوگوں میں خوف و دہشت پھیل گئی۔ دھماکے میں استعمال شدہ مادے کی وجہ سے پورے علاقے میں بدبو پھیل گئی اور لوگوں کو سانس لینے میں مشکل پیش آنے لگی۔ غنیمت کی بات یہ ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ دھماکہ دراصل سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسکول کی دیوار کے قریب ہوا۔اس دھماکہ کے بارے میں روہنی کے ڈی سی پی امیت گوئل نے بتایا کہ اس کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لئے ماہرین کو بلایا گیا ہے۔ فی الحال یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ دھماکہ کس طرح کا تھا، دھماکہ میں کن چیزوں کا استعمال کیا گیا تھا، اس کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے اور دھماکہ کی وجوہات کیا ہیں۔ ماہرین کے جانچ کے بعد ہی کسی حتمی فیصلہ تک پہنچنا ممکن ہو سکتا ہے۔
No Comments: