نئی دہلی :بابا رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی‘ کے خلاف پہلے ہی عدالت نے کئی فیصلے سناچکی ہے، اب بامبے ہائی کورٹ نے ایک معاملہ میں اس کمپنی پر 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ معاملہ کپور مصنوعات سے جڑا ہوا ہے۔دراصل بامبے ہائی کورٹ میں پتنجلی آیوروید کے خلاف ٹریڈمارک کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہوا تھا جو کہ کپور پروڈکٹس سے متعلق ہے۔ 30 اگست 2023 کو عدالت نے پتنجلی پر کپور مصنوعات فروخت کرنے پر روک لگا دی تھی۔ اب عبوری درخواست کے ذریعہ عدالت کو جانکاری ملی کہ پتنجلی نے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔ تازہ معاملہ کی سماعت جسٹس آر آئی چھاگلا کر رہے تھے۔ انھوں نے اخذ کیا کہ پتنجلی نے خود ہی اگست میں حکم جاری ہونے کے بعد کپور مصنوعات کی سپلائی کی تھی۔
اس تعلق سے عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ مدعا علیہ نمبر 1 کے ذریعہ جس طرح 30 اگست 2023 کو جاری حکم امتناعی کی بار بار خلاف ورزی کی گئی، اسے عدالت برداشت نہیں کرے گی۔ بامبے ہائی کورٹ نے پتنجلی آیوروید کو حکم جاری ہونے کے ایک ہفتہ کے اندر 50 لاکھ روپے جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق عدالت کے حکم کے بعد پتنجلی نے ایک حلف نامہ داخل کیا تھا جس میں بغیر شرط معافی مانگی گئی تھی اور عدالت کے حکم پر عمل کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ حلف نامہ میں یہ اعتراف کیا گیا تھا کہ حکم جاری ہونے کے بعد جون 2024 تک ڈسٹریبیوٹرس کو 49 لاکھ 57 ہزار 861 روپے کی کپور مصنوعات کی سپلائی کی گئی تھی۔ یہ بھی مطلع کیا گیا کہ 25 لاکھ 94 ہزار 505 روپے کی مصنوعات اب بھی ڈسٹریبیوٹرس کے پاس ہیں اور ان کی فروخت روک دی گئی ہے۔
No Comments: