قومی خبریں

خواتین

آزاد پور منڈی پیاز پیدا کرنے والے کسانوں کے لیے منافع بخش بازار

مہاراشٹر میں پیاز کی فصل برباد ہونے کی وجہ سے راجستھان سے پیاز آرہی ہے؛طلب ​​اور رسد میں فرق سے پیاز کی قیمتوں کے نیچے آنے کا امکان نہیں ہے

نوین گوتم
نئی دہلی: جہاں مہنگی پیاز عام صارفین کے آنسو بہا رہی ہے وہیں ایشیا کی سب سے بڑی سبزی اور پھل منڈی آزاد پور پیاز پیدا کرنے والے کسانوں کے لیے منافع بخش سودا ثابت ہو رہی ہے۔ دیگر ریاستوں کے بازاروں کے مقابلے اس بازار میں کسانوں کو اپنے پیاز کی مناسب قیمت مل رہی ہے۔ اس لیے کسان بھی اپنے پیاز کے ساتھ آزاد پور منڈی پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ تمام تر نجی اور سرکاری کوششوں کے باوجود طلب کے مقابلے سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے پیاز کی قیمتیں کم نہیں ہو رہی ہیں، پیاز لے کر یہاں پہنچنے والے کسان بھی اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ چونکہ مہاراشٹر سے پیاز کی آمد نہ کے برابر ہے، اس لیے پیاز کی قیمتوں میں کمی کے آثار نہیں ہیں۔ راجستھان کے الور، تیجارا، کھیرتھل، تپوکڑا وغیرہ علاقوں سے پیاز کی بڑی آمد کے باوجود آزاد پور منڈی میں پیاز مہنگے داموں میں فروخت ہو رہی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں الور سے پیاز کی بمپر آمد متوقع ہے لیکن پیاز کی قیمتوں میں زیادہ کمی کی امید نہیں ہے۔ یونائیٹڈ ٹریڈ یونین دہلی کے صدر ساحل یادو (پردھان جی) نے کہا کہ مہاراشٹر میں بارش کی وجہ سے پیاز کی فصل برباد ہوگئی اور اگلی فصل ابھی تیار نہیں ہے۔ اس لیے پیاز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مہاراشٹر سے پیاز کی آمد بند ہونے کے بعد بازار میں پیاز کی قلت کو دیکھ کر الور کے کسانوں نے وقت سے پہلے کھیتوں سے اپنی فصل نکال کر بازار میں ڈال دی۔ اس کی وجہ سے الور کے پیاز کا سائز معمول سے کم ہے۔ الور کے کسان شاید مہاراشٹر کی پیاز کی نئی فصل کے بازار میں آنے سے پہلے قیمتوں میں کمی کے خوف سے اپنی فصل کو ہٹانا چاہتے ہیں ۔
الور کے کسانوں نے اپنی فصل وقت سے پہلے کھیتوں سے نکال کر بازار میں ڈال دی۔ جنرل ٹومیٹو ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر وجیندر یادو نے کہا کہ عام طور پر پیاز کی فصل کو تیار ہونے میں 80 سے 90 دن لگتے ہیں، لیکن الور کے کسان صرف 55-60 دنوں میں اپنی فصل کو مارکیٹ میں لارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ الور کا پیاز سائز میں چھوٹا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ پیاز کی کٹائی میں جلد بازی نہ کریں، وہ پیاز کی کٹائی اس وقت کریں جب وقت مکمل ہو اور انہیں اس کا پورا ریٹ ملے گا۔ آئی سی آئی سی آئی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، پیاز کی قیمتوں میں جلد ہی کسی قسم کی راحت کی کوئی امید نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر میں اگرچہ سبزیوں کی قیمتوں میں قدرے کمی ہوئی ہے تاہم پیاز کی قیمت اب بھی بلندی پر ہے۔ یہی نہیں، ناسک سے 1333 ٹن پیاز لے کر کنڈا ایکسپریس ٹرین دہلی میں پیاز کی کھپت کے لیے بدھ کو دہلی کے کشن گنج ریلوے اسٹیشن پہنچی۔ پیاز کی آمد بڑی ہے لیکن دہلی میں پیاز کی کھپت بہت زیادہ ہے، اس کے مقابلے میں سپلائی کم ہے جس کی وجہ سے پیاز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں یا مستحکم ہورہی ہیں لیکن کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کھیرتھل منڈی میں ضرورت سے زیادہ پیاز لے کر پہنچنے والے کسانوں کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک جام کی وجہ سے منڈی کو بند کر دیا۔ اس لیے کسان صرف دہلی کی آزاد پور منڈی میں پیاز لانا ہی بہتر سمجھ رہے ہیں کیونکہ یہاں سے پیاز دیگر ریاستوں اور شہروں میں بھی جاتے ہیں ، ایسے میں یہ بازارپیاز پیدا کرنے والے کسانوں کے لیے منافع بخش سودا ثابت ہورہا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *