نئی دہلی :دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی کی گرفتاری کے بعد بھی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ان کے عہدے پر برقرار رہنے کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں داخل پی آئی ایل کو عدالت نے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے پی آئی ایل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی، یہ معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر اس معاملے پر غور کر کے مناسب فیصلہ لے سکتے ہیں۔دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ معاملہ سیاسی ہے۔ عدلیہ اس معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت نے پوچھا کہ کیا یہ قانونی طور پر لازم ہے کہ حراست کے بعد کیجریوال اپنے عہدے پر برقرار نہ رہیں؟ عدالت نے یہ معاملہ لیفٹیننٹ گورنر پر چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں سرجیت کمار یادو نے مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیجریوال پر بدعنوانی کا الزام ہے اور انہیں سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہونے دیا جانا چاہئے۔ عرضداشت میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ جیل سے حکم جاری کرنا وزیر اعلیٰ کے حلفِ رازداری کی خلاف ورزی ہو گا۔
No Comments: