نئی دہلی : ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے آج قنوج سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔ اس سیٹ سے پہلے پارٹی نے تیج پرتاپ یادو کی امیدواری کا اعلان کیا تھا، مگر اس اعلان کے دوسرے روز سے ہی یہاں سے اکھلیش یادو کے میدان میں اترنے کی خبریں میڈیا میں آنے لگی تھیں۔ اکھلیش یادو نے جب قنوج سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا تو چچا رام گوپال یادو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل اکھلیش یادو نے اپنی دو تصویریں سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر شیئر کیں۔ یہ تصویر اس وقت کی ہے جب اکھلیش نے پہلی بار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اکھلیش نے لکھا ’ایک بار پھر تاریخ دہرائی جائے گی، اب نیا مستقبل بنایا جائے گا۔‘ اکھلیش یادو کے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایس پی لیڈر شیو پال یادو نے دعویٰ کیا کہ اکھلیش یادو یہ الیکشن زبردست اکثریت سے جیتیں گے۔ اکھلیش اور ڈمپل پہلے بھی یہاں سے الیکشن جیت چکے ہیں۔
No Comments: