کھنڈوا:مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد پر بھیڑیے نے حملہ کر دیا۔ اہل خانہ کی چیخ و پکار پر محلے دار اور دیگر لوگ موقع پر پہنچ گئے اور بھیڑیے کو بھگا دیا۔خیال رہے کہ یوپی کے بہرائچ میں بھیڑیوں نے 35 گاؤں سے زیادہ کے باشندگان میں دہشت پھیلائی ہوئی ہے اور وہ اب تک 7 سے زیادہ بچوں کو ہلاک کر چکے ہیں۔مدھیہ پردیش میں کھنڈہ ضلع میں بھی بھیڑیے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ہرسود کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی او پی) سندیپ واسکلے نے اس معاملے کی جانکاری دی۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 20 کلومیٹر دور قبائلی اکثریتی تحصیل کھالوا کے مالگاؤں گاؤں میں جمعہ کی شب تقریباً 2:30 بجے پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں ایک خاتون کے ہاتھ پر زخم آیا جبکہ چار مردوں کو کے ہاتھ پر بھیڑیے نے کاٹ لیا۔ وہ کھنڈوا میڈیکل کالج اسپتال میں زیر علاج ہے۔ کھنڈوا کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) راکیش ڈامور نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کو ریبیز کی ویکسین اور ادویات دی گئی ہیں۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بھیڑیا پکڑا گیا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مبینہ ویڈیو کلپ کو دیکھ کر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ کون سا جانور ہے۔ ویڈیو میں یہ جانور گیدڑ جیسا دکھائی دے رہا ہے جو کہ بھیڑیے سے تھوڑا چھوٹا ہے۔
پولیس کے اس دعوے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ یہ بھیڑیا ہے، ڈامور نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے لیکن انہوں نے مزید کہا کہ یہ محکمہ جنگلات ہے جو جنگلی حیات سے نمٹتا ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
No Comments: