نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حج 2024 کے لیے عازمین کا انتخاب ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن کے ذریعے کر لیا گیا ہے۔ پورے ہندوستان سے اس مرتبہ 1 لاکھ 39 ہزار 54 عازمین کا انتخاب ہواہے۔ اس میں ریاست دہلی سے 3022 عازمین حج منتخب کیے گئے ہیں۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج 2024 کے مقدس سفر کے لیے منتخب ہونے والے تمام خوش نصیب عازمین حج کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ دہلی حج کمیٹی 2024 کے حج کے لیے دہلی سے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہونے والے تقریبا 22000 عازمین حج کو پچھلے سالوں کی طرح تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے انھوں نے دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے مختلف متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کر رکھا ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال دہلی ریاست سے حج کے لیے درخواست گزاروں کی کل تعداد 4084 تھی جن میں سے 2011 کی مردم شماری کے مطابق، دہلی کی کل مسلم آبادی 2158684 کے تناسب میں 3022 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں 2892 عام زمرہ کے، 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 80 عازمین اور محرم کے بغیر حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 50 ہے۔ علاوہ ازیں 1062 درخواست دہندگان کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں مجموعی طور پر 20 حج امبارکیشن پوائنٹس ہیں جہاں سے حج کے لیے عازمین کی روانگی ہوتی ہے۔ ان میں دہلی سب سے بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے جہاں سے اس بار سب سے زیادہ تقریباً 22000 عازمین حج مقدس حج بیت اللہ کے لیے پرواز کریں گے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ان تمام عازمین حج کے لیے تمام قسم کی مقامی سہولیات فراہم کرے گی۔
No Comments: