دبئی: متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے حوالے سے نئی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہے جہاں دبئی اور ابوظبی میں طوفانی بارشیں پیر کی رات سے جاری ہیں جب کہ نئی ایڈوائزری میں بارش، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ شیڈول متاثر ہے اور دبئی میں متعدد اہم شاہراہیں طوفانی بارش کے باعث زیر آب آگئی ہیں۔ اماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ چہارشنبہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق دبئی اور ابوظبی کی متعدد شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے، متعدد سڑکوں اور علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس سے دبئی میٹرو کے متعدد اسٹیشن بھی زیر آب آگئے ہیں۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور مسافر فلائٹ شیڈول دیکھ کر آئیر پورٹ آئیں۔
No Comments: