ریاض: سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک میں مساجد کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت مسجد کے اندر افطار کی ممانعت کر دی گئی ہے۔ ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں موجود کیمروں کے ذریعے امام یا نمازیوں کی تصویر بنانے اور نمازوں کی ریکارڈنگ کسی بھی میڈیا پر نشر نہ کی جائے۔وزارت کی جانب سے جاری ضابطے میں موذنوں کی ہدایت کی گئی ہے کہ رمضان کے دوران کی عشا کی اذان ام القمر کیلنڈر کے اوقات مطابق دی جائے، فجر اورعشا میں اذان اوراقامت کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ دیا جائے تاکہ نمازیوں کو سہولت ہو۔ بقیہ نمازوں میں پہلے سے مقرر کردہ دورانیے پر ہی عمل کیا جائے گا، وزارت نے رمضان کے دوران مساجد میں چندہ جمع کرنے اور مسجد کے اندر افطار کا اہتمام کرنے کی ممانعت کرتے ہوئے زور دیا کہ افطار کے دسترخوان مساجد سے ملحقہ مخصوص جگہوں پر لگائے جائیں تاکہ مساجد کی صفائی متاثر نہ ہو۔ رپورٹس کے مطابق مساجد کے ائمہ کو وزارت کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تروایح میں لوگوں کا خیال کریں جبکہ آخری عشرے میں تہجد کی نماز جلد ادا کریں تاکہ سحری کے لیے کافی وقت ہو۔ علاوہ ازیں ائمہ کو رمضان کے دوران فرض نمازوں کے بعد روزوں کے احکام و آداب اور رمضان کے فضائل وغیرہ موضوعات پر درس دینے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔
No Comments: