نئی دہلی :چھٹھ کے گانوں کے لیے مشہور شاردہ سنہا کا عین چھٹھ کےموقع پرمنگل کی شب دہلی کے ایمس میں انتقال ہو گیا- وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، راہل گاندھی، نتیش کمار اورآر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو سمیت کئی رہنماؤں نے شاردہ سنہاکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے
وزیراعظم نریندر مودی نے شاردہ سنہا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “معروف لوک گلوکارہ شاردہ سنہا کے انتقال کی خبر سن کر شدید رنج ہوا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اپنے میٹھی آواز میں میتھلی اور بھوجپوری لوک گانوں کو عوامی سطح پر مقبول بنایا۔ خاص طور پر چھٹھ کے گانوں میں ان کی آواز کی گونج ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے شاردہ سنہا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چھٹھ کے تہوار کے موقع پر گونجتے ان کے گانے ہمیشہ ان کی یاد دلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاردہ سنہا اپنے منفرد انداز سے ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ شاردہ سنہا نے 5 دہائیوں تک اپنی پاری آواز سے ہندوستانی موسیقی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہیں ’بہار کوکیلا‘ کہا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاردہ سنہا کے چھٹھ کے گانے سن کر اس تہوار کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے اور اس سال ان کی آواز کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
آر جے ڈی کے رہنما لالو پرساد یادو نے کہا کہ شاردہ سنہا کے انتقال سے لوک گائیکی کے شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ان کی میٹھی آواز نے چھٹھ گانے کو عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو اور دیگر آر جے ڈی رہنماؤں نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بہار کوکیلا، شاردہ سنہا کا انتقال افسوسناک ہے۔ انہوں نے نہ صرف میتھلی اور بھوجپوری بلکہ ہندی گانوں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ ان کے گائے ہوئے چھٹھ کے گانے بہار اور اتر پردیش کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ شاردہ سنہا کا منگل کی رات دہلی کے ایمس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 72 سال کی تھیں اور کچھ دنوں سے علیل تھیں۔
No Comments: