ہندوستانی فلم انڈسٹری کے عظیم اداکار اور ’شو مین‘ کے نام سے مشہور راج کپور کے 100ویں یوم پیدائش پر بے مثال جشن کی تیاری چل رہی ہے۔ کپور فیملی عظیم الشان تقریب منعقد کر راج کپور کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں، اور اس سلسلے میں آج کپور فیملی نے پی ایم مودی سے ملاقات کی۔ کپور خاندان کے سرکردہ اراکین نے تقریب میں شرکت کے لیے پی ایم مودی کو دعوت نامہ پیش کیا ہے اور اس ملاقات کی کچھ تصویریں کرینا کپور خان نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں کرینا کپور نے اپنے آفیشیل انسٹاگرام پر پی ایم مودی کے ساتھ ملاقات کرنے پہنچی کپور فیملی کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے ’’ہم اپنے دادا اور عظیم اداکار راج کپور کی غیر معمولی زندگی اور وراثت کے جشن کو منانے کے لیے پی ایم مودی کو مدعو کیے جانے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ اس خاص دوپہر کے لیے مودی جی کا شکریہ۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس سنگ میل کو منانے میں آپ کی گرمجوشی اور تعاون ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ جیسا کہ ہم دادا جی کی فنکاری اور ہندوستانی فلم میں ان کے تعاون کے شاندار 100 سالوں کا جشن منانے جا رہے ہیں، ہم ان کی وراثت کا احترام کرتے ہیں، جو ہمیں اور آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتا رہے گا۔ ہمیں ان کی شاندار فلموں اور ’راج کپور 100 فلم فیسٹیول‘ کے ساتھ ہندوستانی سنیما پر ان کے اثرات پر فخر ہے۔‘‘
کرینا کپور نے انسٹاگرام پر پی ایم مودی کے ساتھ پوز دیتے ہوئے کپور فیملی کی تصویر تو شیئر کی ہی ہے، ساتھ ہی ایک تصویر میں پی ایم مودی کرینا کے بچوں ٹم اور زیہہ کے لیے آٹوگراف دے رہے ہیں۔ کپور فیملی کے ساتھ پی ایم مودی کی جو تصویر سامنے آئی ہے، اس میں کرشما کپور، نیتو سنگھ، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، ردھیما کپور، سیف علی خان وغیرہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایک دیگر تصویر میں کرینا کپور اور کرشما کپور پی ایم مودی سے آٹو گراف لیتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ نیتو کپور اور کرشما کپور نے بھی پی ایم مودی کے ساتھ ملاقات کی کچھ تصویریں اپنے سوشل میڈیا ہینڈل سے پوسٹ کی ہیں۔
شو مین راج کپور کے 100ویں یومِ پیدائش کا جشن ہوگا عظیم الشان، کپور خاندان نے پی ایم مودی سے کی ملاقات
قابل ذکر ہے کہ 13 دسمبر سے 15 دسمبر 2024 کے درمیان ہندوستان کے 40 شہروں اور 135 سنیما گھروں میں راج کپور کی 100 فلمیں دکھائے جانے کا منصوبہ ہے۔ ان فلموں کو دیکھنے کے لیے فلم شائقین کو صرف 100 روپے کا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔ جو فلمیں سنیما ہالوں میں دکھائے جانے کا منصوبہ ہے، ان میں آگ، برسات، آوارہ، شری 420، جاگتے رہو، جس دیش میں گنگا بہتی ہے، سنگم، میرا نام جوکر، بابی، رام تیری گنگا میلی وغیرہ شامل ہیں۔
No Comments: