نئی دہلی: جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس انتخاب میں بائیں بازو کے امیدواروں نے چاروں سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے، جب کہ آر ایس ایس-بی جے پی کی حمایت یافتہ ودیارتھی پریشد کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بائیں بازو کے دھننجے نے صدر کے عہدے کے لیے ودیارتھی پریشد کے امیش چندر اجمیرا کو 934 ووٹوں سے شکست دی۔ وہیں نائب صدر کے عہدے کے لیے اویجیت گھوش نے 2649 ووٹ حاصل کیے اور اے بی وی پی کی دیپیکا شرما کو 1104 ووٹوں سے شکست دی۔اس کے علاوہ جنرل سکریٹری کے عہدے کے لیے بائیں بازو کی پریانشی آریہ کو 3307 ووٹ اور اے بی وی پی کے ارجن آنند کو 2309 ووٹ ملے۔ بائیں بازو کے امیدوار محمد ساجد نے 2893 ووٹ حاصل کر کے جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر کامیابی حاصل کی۔ اس عہدے کے لیے ودیارتھی پریشد کے گووند ڈانگی کو 2496 ووٹ ملے۔
جے این یو میں طلبہ یونین کے لیے 22 مارچ کو ووٹنگ ہوئی تھی اور اس دوران ریکارڈ 73 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ گزشتہ 12 سالوں میں یہ پہلا موقع تھا جب اتنی بڑی تعداد میں طلبہ نے ووٹ ڈالے۔ اس سے قبل 2019 میں 67.9 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔
No Comments: