قومی خبریں

خواتین

لوک سبھا کے ساتھ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان

سکم اور اروناچل پردیش میں ووٹنگ 19 اپریل ، آندھرا میں13 مئی اور اڈیشہ میں 13 ، 20 اور 25 مئی کو پولنگ

نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا اور بتایا کہ ہندوستان میں عام انتخابات 19 اپریل کو شروع ہوں گے اور یہ 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے۔ ان کے اس اعلان کے ساتھ ہی پورے ملک میں ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ انہوں نے اس موقع پر چار ریاستوں (اوڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش) میں انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا، جن کی اسمبلیوں کی مدت جون میں ختم ہو رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اطلاع دی کہ اوڈیشہ میں پولنگ چار مراحل میں ہوگی جبکہ دیگر تین ریاستوں سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش میں پولنگ ایک ایک مرحلہ میں مکمل ہوگی۔ سکم اور اروناچل پردیش میں ووٹنگ 19 اپریل کو، آندھرا پردیش 13 مئی کو، جبکہ اڈیشہ میں 13 مئی، 20 مئی اور 25 مئی کو ہوگی۔
خیال رہے کہ آندھرا پردیش میں 175 اسمبلی سیٹوں پر، اروناچل پردیش میں 60 سیٹوں، سکم میں 32 سیٹوں پر اور اوڈیشہ میں 147 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ تمام ریاستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ادھر لوک سبھا انتخابات کی بات کریں تو 7 مراحل کی پولنگ کا 19 اپریل سے آغاز ہوگا۔ دوسرے مرحلہ کی پولنگ 26 اپریل کو، تیسرے مرحلہ کی پولنگ 7 مئی کو، چوتھے مرحلہ کی پولنگ 13 مئی کو، پانچویں مرحلہ کی پولنگ 20 مئی کو، چھٹے مرحلہ کی پولنگ 25 مئی کو اور ساتویں اور آخری مرحلہ کو پولنگ یکم جون کو ہوگی۔ تمام سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی 4 جون ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اپریل اور مئی میں ہونے والے ان انتخابات میں تقریباً 97 کروڑ ہندوستانی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ اس بار کی ووٹنگ کے نتائج اس امر کا تعین کریں گے کہ آیا ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مسلسل تیسری بار بھی برسر اقتدار رہے گی؟

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای سی راجیو کمار نے بتایا کہ ساڑھے دس لاکھ پولنگ اسٹیشن ہوں گے اور انتخابات کے لئے پچپن لاکھ ای وی ایم کا استعمال کیا جائے گا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *