پٹنہ: آر جے ڈی چیف لالو پرساد آج اپنے پرانے انداز میں پی ایم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کرتے نظر آئے۔ پی ایم مودی کو تو لالو پرساد نے ’ہندو‘ ماننے سے بھی انکار کر دیا۔جَن وشواس مہاریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ ’’مودی کیا ہے، کیا چیز ہے؟ مودی کنبہ پروری پر بولتے ہیں، یہ بتاؤ مودی جی آپ کو اولاد کیوں نہیں ہوئی؟ تمھارے پاس فیملی ہے ہی نہیں۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں ’’مودی تم ہندو بھی نہیں ہے۔ کسی کی ماں مرتی ہے تو بیٹا اپنا بال چھلواتا ہے۔ جب تمھاری ماں کا انتقال ہوا تو تم (بال) کیوں نہیں چھلوائے؟‘‘ لالو پرساد کے اس بیان پر پورا مجمع تالیاں بجانے لگا اور اسٹیج پر بیٹھے لیڈران بھی مسکراتے دکھائی دیے۔ لالو یادو نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی کہے تھے میری حکومت بنی تو سب کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ آئے گا۔ ہم بھی یقین کر لیے کہ ہو سکتا ہے آئے گا۔ سب کا اکاؤنٹ جَن دھن یوجنا کے تحت کھلا، لیکن 15 لاکھ نہیں آیا۔ سب کو مودی نے ٹھینگا دکھا دیا۔ اب سبھی اپوزیشن پارٹیاں مل کر لوک سبھا انتخاب لڑیں گے اور مودی کو وداع کریں گے۔ دہلی پر ہم لوگوں کو قبضہ کرنا ہے۔
آج پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں جمع بھیڑ لالو پرساد کی تقریر سننے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہی تھی۔ جب لالو پرساد نے بولنا شروع کیا تو مجمع انھیں بغور سن رہا تھا۔ لالو نے کہا کہ ’’تیجسوی جب جَن وشواس یاترا پر تھے اور پورے بہار کا دورہ کر رہے تھے تب آپ لوگوں سے کہہ رہے تھے کہ ریلی میں آئیے گا، پاپا نے بلایا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں آپ لوگ آئے ہیں، سبھی کا شکریہ۔اپنی تقریر کے دوران لالو پرساد نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’تیجسوی نے مہاگٹھ بندھن حکومت کے دوران لاکھوں روزگار دیا۔ ہم روز پوچھتے تھے کہ آج کتنا روزگار دیا؟ تیجسوی اچھا کام کیا ہے۔ 2017 میں جب نتیش مہاگٹھ بندھن سے این ڈی اے میں گئے تھے تو نتیش کو ہم گالی نہیں دیے۔ ہم کہے تھے پلٹو رام ہے۔ اس کے بعد ہم ان کو پھر مہاگٹھ بندھن میں دوبارہ لیے۔ لیکن ہم لوگ سے غلطی ہوئی۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں ’’آج کی ریلی کی بھیڑ دیکھ کر نتیش کو پتہ نہیں کون کون سی بیماری ہو جائے گی۔
No Comments: