نئی دہلی : گجرات اور مہاراشٹر میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ جوناگڑھ میں سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں کیلئے جوناگڑھ سمیت گجرات کے کئی اضلاع میں ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں مہاراشٹر کے علاقوں کے لئے بھی آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں اس وقت مانسون اپنے عروج پر ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے ندی اور نالوں میں طغیانی ہے۔ شملہ کے قریب بادل پھٹنے کی وجہ سے گاڑیاں اور مویشی بہتے نظر آئے۔
جوناگڑھ میں سیلاب جیسی صورتحال کے درمیان گجرات کے وزیر اعلیٰ راگھو جی پٹیل نے اپنے سبھی پروگرام منسوخ کر دئے ہیں۔ تازہ اپ ڈیٹ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ میں ہفتہ کو شدید بارش ہوئی۔ شہر میں کافی زیادہ پانی داخل ہوگیا ہے۔ لوگ محفوظ ہیں، حالانکہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں وہاں تعینات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے جوناگڑھ، جام نگر، دیو بھومی دوارکا، کچھ، سورت، ولساڈ، نوساری اور سورت کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ان علاقوں میں اگلے دو روز تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ وہیں احمد آباد، آنند، بھروچ، بناسکانٹھا، سابرکانٹھا، امریلی، جام نگر، گر سومناتھ، کچھ کے لئے آرنج الرٹ کی وارننگ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سریندر نگر، داہود، راجکوٹ، بوٹاڈ، وڈودرا، سورت، نوساری کے لئے 24 جولائی تک ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کو مہاراشٹر کے پالگھر، تھانے، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع کے الگ الگ علاقوں میں بھاری سے بہت زیادہ بھاری بارش کے لئے آرنج الرٹ جاری کیا ہے۔ 23 سے 26 جولائی تک مدھیہ مہاراشٹر کے کونکن، گھاٹ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بھاری بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج مراٹھواڑہ میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پنجاب، ہریانہ، ہماچل اور اتراکھنڈ کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ اتراکھنڈ کے رودرپریاگ میں چندرپوری کے قریب شدید بارش کی وجہ سے ہائی وے پر ملبہ جمع ہو گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
No Comments: