
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والوں کو 70ہزار سے زائد تقرری نامے تقسیم کئے – انہوں نے اس موقع پر تقرریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے امرت مہوتسو کے دوران جب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے ۔ اس دوران سرکاری محکموں میں ملازمت ملنا ایک اعزا ز کی بات ہے۔ ملک کی عوام نے اسے ترقی یافتہ بنانے کا عزم کیا ہے۔ اگلے ۲۵؍سال ہندوستان کیلئے بہت اہم ہیں ۔آج ہر ماہرین کا کہنا ہے کہ چند سال میں ہندوستان دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گاجو ظاہر کرتا ہے کہ روزگار کے مواقع اور شہریوں کی فی کس آمدنی بڑھ سکتی ہے ۔
اس دوران انہوں نے پچھلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں بینکنگ سیکٹر نے بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی تھی جبکہ آج ہندوستان ان ممالک میں سے ہے جہاں بینکنگ سیکٹر کو سب سے زیادہ مضبوط سمجھا جاتا ہے لیکن۹؍سال پہلے ایسی صورتحال نہیں تھی۔ آج ہم ڈیجیٹل لین دین کرنے کے قابل ہیں لیکن ۹؍سال پہلے فون بینکنگ ۱۴۰؍کروڑ عوام کیلئے ممکن نہیں تھی، جو افراد مخصوص خاندان کے قریب تھے وہ کال بینکس استعمال کرتے تھے اور انہیں ہزاروں کروڑ کے قرضے فراہم کئے جاتے تھے جو انہوں نے کبھی واپس نہیں دیئے۔ فون بینکنگ گھوٹالہ پچھلی حکومت میں سب سے بڑا گھوٹالہ تھا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ۴۴؍مقامات پر روزگار میلہ منعقدکیا جا چکا ہے۔ بھرتیاں مرکزی حکومتی محکموں کے ساتھ ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس اقدام کی حمایت کر رہی ہیں ۔ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے بھرتی افراد مختلف وزارتوں کے محکموں میں شامل ہوں گے جن میں محکمہ محصولات ، محکمہ مالیاتی خدمات ، محکمہ ڈاک، محکمہ تعلیم، وزارت دفاع، وزارت صحت اور خاندانی بہبود ، مرکزی پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز، محکمہ آبی وسائل، محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ اور وزارت داخلہ سمیت دیگر شامل ہیں ۔
توقع کی جا رہی ہے کہ روزگار میلہ کے ذریعے ملک میں بے روزگاری میں کمی ہو گی اور اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں شرکت کیلئے بامعنی مواقع فراہم کیا جائے گا۔ مودی نے گزشتہ سال ۲۲؍اکتوبر کو ۱۰؍لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی مہم کے آغاز کے طور پر `روزگار میلہ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیاتھا۔
No Comments: