قومی خبریں

خواتین

اکھلیش یادو کاکانگریس کے ساتھ 11 سیٹوں پر مفاہمت کا دعویٰ

سابق وزیر اعلیٰ نےانتخابات میں انڈیا اتحاد کی تاریخی کارکردگی سے متعلق پیشین گوئی بھی کی

لکھنئو:اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے ریاست میں کانگریس کے ساتھ 11 سیٹوں پر مفاہمت کا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے یہ جانکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے اس قدم کو ایک بہترین شروعات قرار دیتے ہوئے آئندہ انتخابات میں انڈیا اتحاد کی تاریخی کارکردگی سے متعلق پیشین گوئی بھی کی ہے۔اکھلیش یادو نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس کے ساتھ 11 مضبوط سیٹوں سے ہمارے خوشگوار اتحاد کی اچھی شروعات ہو رہی ہے… یہ سلسلہ جیت کے ساتھ مزید آگے بڑھے گا۔ ’انڈیا‘ کی ٹیم اور ’پی ڈی اے‘ کی پالیسی تاریخ بدل دے گی۔‘‘ اکھلیش یادو کے اس پوسٹ سے ظاہر ہو رہا ہے کہ کانگریس کو آئندہ لوک سبھا انتخاب میں اتر پردیش میں 11 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا موقع ملے گا۔ حالانکہ کانگریس کی طرف سے کسی بھی لیڈر کا اس معاملے میں کوئی بیان نہیں آیا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے یہ جانکاری ضرور دی جا رہی ہے کہ 11 سیٹوں سے کانگریس خوش نہیں ہے، لیکن کسی بھی لیڈر کا حوالہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں سبھی کو کانگریس کی طرف سے آفیشیل بیان جاری ہونے کا انتظار ہے۔ ایسی بھی غیر مصدقہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 11 سیٹوں پر تو مفاہمت ہو گئی ہے، مزید کچھ سیٹوں پر فی الحال بات چیت جاری ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *