اندور:مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک ٹرین کے ٹرائل رَن کے دوران دو بچیاں حادثہ کا شکار ہو گئیں۔ یہ بچیاں کوچنگ کلاس کے بعد گھر لوٹ رہی تھیں۔اس حادثہ کی خبر ملنے پر پہنچی لسوڑیا تھانہ پولیس نے بچیوں کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ خبر ملتے ہی ریاستی وزیر تلسی سلاوٹ سمیت دیگر مقامی عوامی نمائندے مردہ بچیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ تلسی سلاوٹ نے اس دردناک حادثہ پر شدید رنج کا اظہار کیا اور بچیوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔سادھنا کوچنگ کلاس کے بعد واپس اپنے گھر کی طرف لوٹ رہی تھیں۔ اسی دوران جب وہ ریلوے ٹریک کے قریب تھیں تو سب سے آگے چلنے والی لڑکی سادھنا ریلوے ٹریک کراس کر گئی، لیکن پیچھے چلنے والی ببلی اور رادھیکا اچانک سے ریلوے ٹریک پر آ رہی ٹریک کی زد میں آ گئی۔ جائے حادثہ پر ہی دونوں بچیوں کی موت ہو گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس ریلوے ٹریک پر کسی طرح کی کوئی ٹرین نہیں گزرتی تھی، لیکن آج اس ٹریک پر ٹرائل رَن ہونا تھا۔ جب ٹرائل رَن ہو رہا تھا تبھی بچیوں کا وہاں سے گزرنا ہوا اور اس دوران دو بچیاں اس کی زد میں آ گئیں۔ لسوڑیا تھانہ انچارج تاریش سونی نے بتایا کہ حادثہ میں دو بچیوں کی موت ہوئی ہے۔ ٹرین حادثہ کی جانکاری جب وزیر ریل اشونی ویشنو کو ملی تو انھوں نے جانچ کا حکم صادر کر دیا۔ موقع پر موجود سادھنا نامی بچی نے بتایا کہ وہ اپنی دونوں ساتھیوں کے ساتھ گھر کی طرف جا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ وہ تو ریلوے ٹریک پار کر گئی، لیکن ببلی اور رادھیکا پیچھے چل رہی تھیں اس لیے ٹریک پار نہیں کر پائیں۔ جب اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو کافی تیزی سے (تقریباً 120 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے) ٹرین وہاں سے گزری اور اس دوران دونوں ساتھ چلنے والی بچیاں ٹرین کی زد میں آ گئیں۔ وہ جب تک کچھ سمجھ پاتی، اس سے پہلے ہی ٹرین ان کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی۔
No Comments: