واشنگٹن :امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے واضح طور پر بغاوت کی حمایت کی تھی۔امریکی صدر نے یہ بات اس وقت کہی جب کولوراڈو کی اعلیٰ عدالت نے سابق صدر ٹرمپ کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ملواکی پہنچنے کے بعد صحافیوں کو بتایا ’میں چاہوں گا کہ عدالت اس کا فیصلہ خود کرے۔ لیکن انہوں(ٹرمپ) نے یقینی طور پر بغاوت کی حمایت کی ہے۔ اس بارے میں کوئی سوال نہیں، بالکل بھی نہیں۔‘صدر بائیڈن نے مزید کہا ’یہ ازخود واضح ہے۔ آپ نے یہ سب کچھ دیکھا ہے۔‘ بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ معاملہ عدالتوں میں ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف متعدد قانونی مقدمات پر براہ راست تبصرہ بھی کیا ہے۔دوسری جانب سابق صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ کولوراڈو کے فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی۔امریکی آئین کی 14ویں ترمیم کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے ملک بھر میں متعدد قانونی کارروائیوں میں سے یہ پہلا اقدام ہے، جو ملک کی حفاظت کے لیے حلف اٹھانے والے کسی بھی شخص کو دوبارہ عہدہ حاصل کرنے سے روکتا ہے جو بعد میں بغاوت میں ملوث ہوتا ہے۔ بائیڈن اب ٹرمپ پر کھلی تنقید کر رہے ہیں۔
No Comments: