علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)میں وی سی کی تقرری کا معاملہ اب الہ آباد ہائی کورٹ میں پہنچ گیا ہے۔ بتادیں کہ اے ایم یو وی سی کی میعاد پوری ہونے کے بعد یونیورسٹی میں نئے وی سی کے انتخاب کا مطالبہ کافی دنوں سے کیا جا رہا تھا، جس کے بعد اے ایم یو گورننگ باڈی کی میٹنگ میں ووٹنگ کی بنیاد پر وی سی کے عہدے کے لئے تین امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ان 3 امیدواروں میں ایم عروج ربانی، فیضان مصطفیٰ اور نعیمہ خاتون کے ناموں کی منظوری دی گئی تھی۔ ان تین امیدواروں میں سے ایک قائم مقام وی سی محمد گلریز کی اہلیہ نعیمہ خاتون بھی شامل ہیں۔ ان تین ناموں کو صدر جمہوریہ کو بھیجا گیا تھا، جن میں سے ایک نام کا انتخاب صدر مملکت کے ذریعہ کیا جائے گا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر اور اس کے رکن مجاہد بیگ نے اے ایم یو گورننگ باڈی پر سوال اٹھاتے ہوئے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قائم مقام وی سی کی قیادت والے پینل کی جانب سے نعیمہ خاتون کا نام شارٹ لسٹ کیا جانا مناسب نہیں ہے۔ یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ موجودہ قائم مقام وی سی اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انتخاب کے عمل کی قانونی حیثیت کو مجاہد بیگ کے ذریعہ الہ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ اب اس معاملہ کی اگلی سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔
No Comments: