لکھنؤ: اتر پردیش میںسرٹیفائیڈ حلال مصنوعات پر پابندی کے بعد ایف ایس ڈی اے (فوڈ سیفٹی اینڈ ایڈمنسٹریشن)نے آج راجدھانی لکھنؤ کے کئی علاقوں میں واقع دکانوں اورگوداموں پر چھاپہ ماری کی۔ایف ایس ڈی اے کے اسسٹنٹ کمشنر ایس پی سنگھ نے بتایا کہ لکھنؤ کے مختلف علاقوں میں دوپہر 12 بجے سے چھاپے مارے گئے، جو شام 4 بجے تک جاری رہے۔ اس دوران گومتی نگر، علی گنج، حضرت گنج، نڑھی اور وکاس نگر میں چھاپے مارے گئے۔ گومتی نگر کے اسپینسر فن مال، برنوال جنرل اسٹور، اپنا میگا مارٹ، دی نیو ریٹیل شاپ اور علی گنج کے پپو اسٹور سمیت کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ تحقیقاتی ٹیم نے اسٹور آپریٹرز کو ہدایت بھی کی کہ وہ حلال مصدقہ مصنوعات فروخت نہ کریں۔
دریں اثنا، جمعیۃ علما ہند حلال ٹرسٹ کے سی ای او نیاز اے فاروقی نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلال ٹرسٹ کا سرٹیفکیٹ قواعد کے مطابق دیا جاتا ہے اور صرف ایکسپورٹ کے لیے ہے۔ بیرون ملک خاص طور پر مسلم ممالک کو مصنوعات برآمد کرنے والی کمپنیاں سرٹیفکیٹ حاصل کرتی ہیں۔ ملائیشیا کو چینی برآمد کرنے والی شوگر ملیں بھی حلال سرٹیفکیٹ حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم اس معاملے کو عدالت میں لے کر جائیں گے۔سابق آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر نے یوپی میں حلال سرٹیفکیشن پر پابندی لگائے جانے کے خلاف قومی اقلیتی کمیشن سے شکایت کی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کا حکم بادی النظر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
No Comments: