نئی دہلی : دہلی میں آج سے اسکول کھل گئے ہیں لیکن ہوا کا معیار اب بھی ناقص زمرے میں ہے۔ دہلی کی ہوا کا معیار آج صبح 6:30 بجے 331 تھا جو مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق ‘انتہائی ابتر زمرے میں آتا ہے۔ مانیٹرنگ ایجنسیوں کے مطابق، دہلی اور اس کے مضافات میں 19 نومبر، اتوار کو معمولی بہتری درج کی گئی تھی، لیکن اگلے چند دنوں میں آلودگی کی بلند سطح سے بڑی راحت کا امکان نہیں ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آج درجہ حرارت 13.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔
پڑوسی ریاستوں میں پرالی جلانے کے واقعات، گاڑیوں کے اخراج اور ناموافق موسمی حالات کی وجہ سے گزشتہ چند ہفتوں سے قومی راجدھانی ‘انتہائی ناقص سے ‘شدید آلودگی کی سطح سے دوچارہے۔ پنجاب میں 8 نومبر سے فصلوں کی باقیات کو جلانے پر کسانوں کے خلاف تقریباً 932 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ 7,405 مقدمات میں 1.67 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ہوا کے معیار کا اشاریہ 201 اور 300 کے درمیان، خراب، 301 سے 400 کے درمیان بہت زیادہ خراب اور 401 سے لے کر 500 تک کے اشاریے کو بہت زیادہ شدید مانا جاتا ہے۔
No Comments: