قومی خبریں

خواتین

اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں بڑا حادثہ

زیر تعمیر سرنگ کا 50 میٹر حصہ دھنس گیا۔ تقریباً 40 کارکن سرنگ کے اندر پھنسے- امدادی کام جاری

ترکاشی: اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں ہفتہ کی دیر رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ برہماکھل۔یمونوتری قومی شاہراہ پر سلکیارا سے ڈنڈالگاؤں تک نیویوگا کمپنی کی زیر تعمیر سرنگ کا 50 میٹر حصہ دھنس گیا۔ تقریباً 40 کارکن سرنگ کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام کے مطابق مزدوروں کو نکالنے میں 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں۔ اترکاشی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ارپن یدوونشی نے کہا کہ سرنگ کے اندر پھنسے تمام کارکن محفوظ ہیں اور ان کے پاس آکسیجن سلنڈر دستیاب ہیں۔ سرنگ کے اندر آکسیجن پائپ بھی پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی قیادت میں پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فائر سروس، ایمرجنسی سروس کے 108 اہلکار راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ٹنل سے ملبہ ہٹانے کے لیے عمودی ڈرلنگ مشین کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ این ایچ آئی ڈی سی ایل کی مشینری، ایگزیکیوٹنگ ایجنسی، زیر تعمیر ٹنل میں ملبہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔ٹنل کے باہر پانچ ایمبولینسیں تعینات ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر بچائے گئے مزدوروں کو بغیر کسی تاخیر کے ابتدائی طبی امداد دی جا سکے اور انہیں ہاسپٹل پہنچایا جا سکے۔ یہ لینڈ سلائیڈنگ ٹنل کے مرکزی دروازے سے سلاکیارا کی جانب 200 میٹر کے فاصلے پر ہوئی جب کہ ٹنل میں کام کرنے والے مزدور 2800 میٹر اندر تھے۔یہ ٹنل آل ویدر روڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے جس کی لمبائی 4.5 کلومیٹر ہے۔ چار کلومیٹر طویل سرنگ بنائی گئی ہے۔ اس سے قبل اس ٹنل کا کام ستمبر 2023 میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ اب اسے مارچ 2024 تک مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق رواں سال مارچ میں بھی اس زیر تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *