نینویٰ: عراق کے صوبہ نینویٰ کے ضلع ہمدانیہ میں منگل کی رات گئے شادی کی تقریب میں آگ لگنے سے کم از کم 100 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے۔ بدھ کی صبح معلومات دیتے ہوئے عراقی سرکاری میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق، مقامی شہری دفاع نے کہا کہ جشن کے دوران آتش بازی کے بعد شمال مشرقی علاقے میں ایک بڑے ایونٹ ہال میں آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے یہ خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
سرکاری میڈیا نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ عمارت انتہائی آتش گیر تعمیراتی مواد سے بنی تھی جس کی وجہ سے اس میں تیزی سے آگ پھیلی۔ عراق کے سول ڈیفنس نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ تقریب کے دوران آتش بازی کی گئی، آتش بازی کی وجہ سے دارالحکومت بغداد سے تقریباً 400 کلومیٹر دور شمالی شہر موصل کے باہر واقع ایک بڑے تقریب ہال میں آگ لگی۔
سرکاری بیانات کے مطابق، وفاقی عراقی حکام اور عراق کے نیم خودمختار کردستان علاقے کے حکام کی طرف سے ایمبولینس اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 45 منٹ پر لگی اور واقعے کے وقت سیکڑوں افراد وہاں موجود تھے۔
No Comments: