ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ وحیدہ رحمان کو ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک طویل نوٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی اور اعزاز محسوس کر رہا ہوں کہ وحیدہ رحمٰن جی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی خدمات کیلئے اس سال کے باوقار دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے ۔انہوں نے پیاسا، کاغذ کے پھول، چودھویں کا چاند، صاحب بیوی اور غلام، گائیڈ اور خاموشی جیسی کئی مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کا جادو دکھایا۔
پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے کے اپنے اداکاری کے سفر میں پدم شری اور پدم بھوشن ایوارڈز سے نوازی جانے والی وحیدہ جی نے ایک ہندوستانی خاتون کی لگن اور طاقت کی مثال قائم کی ہے ۔ایسے وقت میں جب پارلیمنٹ سے تاریخی ناری شکتی وندن ایکٹ پاس ہو چکا ہے ، وحیدہ رحمان کیلئے اس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جانا فخر کی بات ہے ۔ تجربہ کار اداکارہ کو یہ اعزاز دینا دراصل ہندی سنیما کی خواتین کو خراج تحسین ہے ۔ اس کیلئے وحیدہ جی کو بہت بہت مبارک ہو۔
وحیدہ رحمان کو 1971 میں ان کی فلم ریشما اور شیرا کیلئے بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں 1972 میں پدم شری اور 2006ء میں این ٹی آر نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وحیدہ رحمان نے 1974 میں ششی ریکھی (کمل جیت) سے شادی کی۔ ان کے دو بچے سہیل اور کاشوی ہیں۔ ششی کا انتقال 2000 میں طویل علالت کے باعث ہوا۔
No Comments: