نئی دہلی: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کئی مشترکہ معاہدوں پر دستخط کیے۔یہ معاہدےآئی ٹی، زراعت، فارماسیوٹیکل، پیٹرو کیمیکلز اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں۔
سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان پائیدار اشتراک کو اجاگر کرتے ہوئے ولی عہد نے کہا کہ ان کی تاریخ میں کوئی اختلاف نہیں تھا، بلکہ تعاون کا جذبہ تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کا خوشحال مستقبل ہے۔ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب بھارت کے ساتھ اقتصادی راہداری پر عمل درآمد کے لیے کام کر رہا ہے اور اس منصوبے کو حاصل کرنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔شہزادہ محمدبن سلمان نے سعودی عرب میں ہندوستانی کمیونٹی کی اہم حصہ کا بھی اعتراف کیا کیونکہ سعودی آبادی کا سات فیصد حصہ ہندنژاد ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے انہیں ملک کا اٹوٹ جز سمجھنے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مودی نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ ہم نے مل کر اقتصادی راہداری کے قیام کا تاریخی آغاز کیا۔ مودی نے کہاکہ بھارت-سعودی عرب اشتراک خطے اور دنیا کے استحکام اور فلاح وبہبود کیلئے بے حد اہم ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ بھارت، مغربی ایشیا اور یوروپ کے درمیان ایک تاریخی اقتصادی کوریڈور شروع کرنے کے بارے میں کَل فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ کوریڈور نہ صرف دونوں ملکوں کو جوڑے گا، بلکہ ایشیا، مغربی ایشیا اور یوروپ کے درمیان اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل کنکٹی ویٹی فراہم کرنے میں بھی مدد کرے گا۔
No Comments: