نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے آئندہ ماہ دہلی میں ہونے والےجی 20 چوٹی اجلاس کی وجہ سے دہلی کے باشندوں کو ہونے والی ممکنہ تکلیف کو تسلیم کرتے ہوئے، اس تقریب کی کامیابی کے لیے لوگوں سے اپیل کی ہے۔ جنوبی افریقہ اور یونان کے دورے سے واپسی کے بعد ہفتہ کو دہلی میں ایک عوامی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے،وزیر اعظم مودی نےجی 20 سربراہی اجلاس کی تیاریوں کی وجہ سے ہونے والی کسی بھی تکلیف کے لیے دہلی کے لوگوں سے معذرت کی۔واضح ہو کہ جی 20 سربراہی اجلاس 9 سے 10 ستمبر تک دہلی میں ہونے جا رہا ہے۔
G-20 سربراہی اجلاس میں 30 سے زائد سربراہان مملکت، یورپی یونین کی نمائندگی کرنے والے اعلیٰ حکام، مدعو مہمان ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 14 رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ‘پورا ملک جی 20 سمٹ کا میزبان ہے، لیکن مہمان دہلی آ رہے ہیں۔جی 20 سربراہ اجلاس کو کامیاب بنانے کی خصوصی ذمہ داری دہلی کے باشندوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ملک کے وقار کو ذرا بھی نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹریفک قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے دہلی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
No Comments: