قومی خبریں

خواتین

نوح میں صورتحال پھر کشیدہ ،انٹر نیٹ خدمات بند

انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کے باجودوی ایچ پی 28 اگست کو دوبارہ برج منڈل یاترا نکالنے پر بضد

نوح: وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے نوح میں 28 اگست کو دوبارہ برجمنڈل یاترا نکالنے کے اعلان کے پیش نظرہریانہ کے نوح میں انٹرنیٹ خدمات دوبارہ بند کر دی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ نے احتیاطی اقدامات کے تحت ضلع میں ہفتہ کی دوپہر 12 بجے سے 28 اگست کی رات 12 بجے تک موبائل انٹرنیٹ خدمات اور بلک ایس ایم ایس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حالانکہ نوح ضلع انتظامیہ نے وی ایچ پی اور دیگر ہندو تنظیموں کو 28 اگست کو دوبارہ یاترا نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے لیکن ہندو تنظیمیں یاترا نکالنے پر بضد ہیںجس کی وجہ صورتحال پھر کشیدہ ہو گئی ہے ۔
نوح کے ڈی سی دھیریندر کھڈگتا نے 25 اگست کو محکمہ داخلہ کو ایک خط لکھ کر ضلع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات اور بلک ایس ایم ایس سروس پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی تاکہ برج منڈل یاترا نکالے جانے کی صورت میں کسی بھی قسم کے تشدد اور افواہوں کو روکا جا سکے۔وزارت داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کو لکھے گئے خط کی ایک کاپی اے ڈی جی پی، انٹیلی جنس ونگ، ہریانہ پولیس کو بھی بھیجی تھی۔ڈی سی کا خط ملنے کے بعد محکمہ داخلہ نے 25 اگست کو یہ خدمات بند نہیں کیں لیکن آج یعنی 26 اگست کی صبح ہریانہ کے ہوم سکریٹری نے ضلع نوح میں 26 اگست کی دوپہر سے 28 اگست کی درمیانی رات تک موبائل انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اس سے قبل 31 جولائی کو نوح میں ہندو تنظیموں کی برج منڈل یاترا کے دوران تشدد ہوا تھا جس میں 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس کے بعد 31 جولائی سے 13 اگست تک ضلع نوح میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی۔ معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد 13 اگست کی نصف شب 12 بجے انٹرنیٹ خدمات بحال کردی گئی تھیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *