رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو آج ای ڈی نے زمین سے متعلق معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایاتھا۔ سمن کے مطابق انہیں صبح 11 بجے ای ڈی کے دفتر پہنچنا تھا، لیکن وہ نہیں پہنچے۔ وہ اپنی رہائش گاہ سے براہ راست دھروا میں واقع سیکرٹریٹ پہنچے ۔ اس سے قبل سی ایم او کی جانب سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ایک خط بھیجا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ خط میں کیا لکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ای ڈی کے سمن کے خلاف سپریم کورٹ میں خصوصی درخواست دائر کی ہے۔
تمام قیاس آرائیوں کے درمیان ای ڈی آفس کے باہر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ سی آر پی ایف اور جھارکھنڈ پولیس کے جوان یہاں تعینات تھے۔ ایئرپورٹ روڈ کو بھی پولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیاتھا۔ اب ان سب کو ہٹایا جا رہا ہے۔سی ایم ہیمنت سورین نے 14 اگست کو اپنی پیشی کے بارے میں ای ڈی کو خط بھیجا تھا۔ اس خط میں انہوں نے ای ڈی کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ وہ قانونی مشورہ لینے کے بعد ہی کوئی اور قدم اٹھائیں گے۔
سی ایم کی طرف سے بھیجے گئے خط کو موصول ہونے کے بعد ای ڈی نے دوسرا سمن جاری کیاتھا اور 24 اگست یعنی آج ای ڈی کے دفتر پہنچنے کو کہاتھا۔ای ڈی نے سی ایم ہیمنت سورین کے ذریعہ ای ڈی کو بھیجے گئے خط کا جواب دیتے ہوئے اس بات سے انکار کیا تھا کہ ایجنسی انہیں سیاسی وجوہات کی بنا پر طلب کر رہی ہے۔ ای ڈی نے بتایا کہ زمین گھوٹالے کی جانچ کے دوران حقائق سامنے آنے کے بعد ہی انہیں طلب کیا گیا ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں کہا تھاکہ انہوں نے 30 نومبر 2022 کو ای ڈی کو اپنی اور اپنے خاندان کی جائیداد کے بارے میں معلومات دے دی ہیں۔ ای ڈی نے بتایا کہ یہ تفصیل اس کے پاس موجود ہے لیکن حالیہ تحقیقات میں ای ڈی کو سورین خاندان کی کئی بے نامی جائیدادوں کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔ انہیں صرف اسی سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔
No Comments: