لیہہ ،لداخ:شعبہ اردو کرگل کیمپس یونیورسٹی آف لداخ میں محترمہ کنیز فاطمہ (ریکٹر کرگل کیمپس )کی زیر سرپرستی اور ڈاکٹر جعفر علی خان( کوارڈینیٹر شعبہ اردو )کی زیر نگرانی ایک ان لائن توسیعی خطبے کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں یونیورسٹی آف دہلی کے استاد پروفیسر ابوبکر عباد نے” جدوجہد ازادی اور اردو شاعری “کے موضوع پر اپنا بلیغ و بسیط اور معلوماتی خطبہ پیش کیا۔
پروفیسر موصوف نے اپنے موضوع کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ اردو شاعری میں ہمیں ابتدا سے ہی جدو جہد آزادی کی گونج سنائی دیتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اردو شعرا نے نہ صرف یہ کہ اردو شاعری کے زریعے ہی تحریک آزادی میں حصہ لیا ہے ۔بلکہ خود بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں ۔ دوران خطبہ انھوں نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ جہاں ایک طرف محققین و ناقدین نے مرد شعرا کے کردار کو آزادی کی جدوجہد میں اہمیت بخشی ہے وہی دوسری طرف جن خواتین شاعرات نے تحریک آزادی میں حصہ لیا ہے انہیں ناقدین و محققین نے فراموش کر دیا ہے ۔جس پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید اس بات پر زور دیا کہ واقعی جدوجہد آزادی میں اردو شعرا کا کردار نا قابل فراموش حقیقت ہے ۔ اس تقریب میں سوال وجواب کا وقفہ بھی کافی دلچسپ رہا۔تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر نثار احمد ڈار نے پروفیسر موصوف کا مختصر تعارف پیش کیا ۔شعبے کے استاد ڈاکٹر محمد رفیع نے نظامت کا فریضہ انجام دیا اور اظہار تشکر کی رسم کو ڈاکٹر محمد عیسی نے ادا کیا۔اس تقریب میں متعدد ناظرین اور مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
No Comments: