جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے برکٹھا بلاک کے گورہر میں جمعرات کی صبح 6 بجے کولکاتا سے پٹنہ جا رہی وشالی نامی مسافر بس ایک بڑے حادثہ کی شکار ہو گئی۔ اس دردناک حادثہ میں تقریباً 12 لوگوں کی موت کی خبر ہے جبکہ دو درجن سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ جہاں حادثہ ہوا وہاں 6 لین سڑک تعمیر کے دوران کمپنی نے سڑک کاٹ کر چھوڑ دیا ہے، جس کے سبب وہاں سے گزر رہی بس بے قابو ہو گئی اور گڈھے میں اُلٹ گئی۔ قابل ذکر ہے کہ برکٹھا سکس لین کی تعمیر گزشتہ 6 برسوں سے چل رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک بس اچانک بے قابو ہو کر اُلٹ گئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ روڈ پر کہرا اور دھند کا اثر ہونے کی وجہ سے بہت کم دکھائی دے رہا تھا، جس کے سبب ڈرائیور کا بس پر سے توازن بگڑ گیا اور یہ حادثہ رونما ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت بس کی رفتار بھی تیز تھی۔حادثے کے بعد لوگوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے دیہی لوگ وہاں پر پہنچے اور گورہر تھانہ کی پولیس کی مدد سے زخمیوں کو باہر نکالا گیا۔ مہلوکین میں سب سے زیادہ تعداد خواتین کی بتائی جا رہی ہے۔ حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں میں کئی کی حالت سنگین بتائی جاتی ہے۔
No Comments: