قومی خبریں

خواتین

اسرائیل زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گا ۔آیت اللہ علی خامنہ ای

حسن نصر اللہ کی شہادت رائیگا ں نہیں جائے گی ۔ فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد سارے مسلمانوں کا فریضہ ۔ تہران میں خطبہ جمعہ

تہران : ایران کے روحانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج کہا کہ اسرائیل زیادہ دیر باقی نہیں رہے گا ۔ انہوں نے اسرائیل کے خلاف فلسطینی اور لبنانی مزاحمت کی حمایت کی ۔ آیت اللہ علی خامنہ ای جمعہ کے موقع پر خطبہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے تہران کی ایک مسجد میں ہزاروں افراد سے خطاب کیا ۔ خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف حملوں کو عوام کی خدمت قرار دیتے ہوئے ان کی مدافعت کی ۔ خطبہ کے دوران ایک بندوق ایرانی رہنماء کے ساتھ رکھی ہوئی تھی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل حماس یا حزب اللہ کے خلاف کامیاب نہیں ہوگا ۔ اس موقع پر مسجد میں موجود ہزاروں مصلیان نے ہم آپ کے ساتھ ہیں کے نعرے لگائے ۔ خامنہ ای نے گذشتہ پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ خطبہ جمعہ دیا ہے ۔ ان کی زندگی کو لاحق خطرات سے خوفزدہ نہ ہونے کا انہوں نے ایک طرح سے اظہار کیا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اسرائیل کے نشانہ پر ہیں۔ اپنے خطبہ میں خامنہ ای نے لبنانی گروپ حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کی ستائش کی ۔ حسن نصر اللہ کو بیروت میں گذشتہ ہفتے ایک اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حسن نصر اللہ اب ہمارے ساتھ نہیں ہیں لیکن ان کا جذبہ ہمارے ساتھ ہے اور ان کے دکھائے ہوئے راستے سے ہم حوصلہ حاصل کریں گے ۔ وہ صیہونی دشمن کے خلاف ایک علمبردار کی حیثیت رکھتے تھے ۔ ان کی شہادت سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا ۔ حسن نصر اللہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی ۔ ہم کو دشمن کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہئے اور اپنے ایمان کو مستحکم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ خامنہ ای نے حزب اللہ کو ایک ایسا خوش قسمت درخت قرار دیا جو نصر اللہ کی قیادت میں نشو و نما پا رہا تھا ۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ یہ تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لبنان کے عوام کی مدد کریں اور لبنان کے جہاد اور مسجد اقصی کیلئے لڑائی کی حمایت کریں۔ ایرانی رہنماء نے فلسطینی حماس گروپ کی بھی تائید کی اور گذشتہ سال 7 اکٹوبر کو اسرائیل پر کئے گئے حملوں کو درست بھی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی قانون کے تحت یہ حق نہیں دیا جاستکا کہ لبنانی اور فلسطینیوں کی اسرائیل کے خلاف جدوجہد پر تنقید کرے یا اسے روکے ۔ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل در اصل امریکہ کیلئے ایک کھلونا ہے جس کے ذریعہ امریکہ علاقہ کی ساری زمین اور اس کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ۔ آیت اللہ خامنہ ای نے پانچ سال بعد یہ خطبہ دیا ہے ۔ انہوں نے جنوری 2020 میں ایسا ہی خطبہ دیا تھا اور نماز جمعہ کی امامت کی تھی ۔آیت اللہ علی خامنہ ای کے خطاب سے قبل حسن نصر اللہ کیلئے ایصال ثواب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *