بیروت: جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 8 اسرائیل کے فوجیوں کی موت ہوگئی۔ اسرائیل نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔اسرائیلی فوج نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران اسرائیلی فوج کے 3 کیپٹن سمیت 8 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔آج اسرائیل کی فوج نے لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی اسی دوران اسرائیل فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم ہوا۔حزب اللہ نے اسرائیل فوج کی لبنان میں زمینی راستے سے داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی اور اس دوران اسرائیلی فوج کو بھاری جانی نقصان بھی ہوا۔ اسرائیل نے 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ غیرسرکاری ذرائع کے مطابق 14 اسرائیلی جوانوں کی موت ہوئی اور قریب 34 زخمی بتائے جارہے ہیں۔لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کی لبنان میں داخل ہونے کی پہلی کوشش ناکام بنادی جس دوران 2 صیہونی فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔ میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے چہارشنبہ کو لبنان کی سرحد پر قائم علاقہ عودیسیہ سے لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران اسرائیل فوج اور حزب اللہ فائٹرز کی اسپیشل انفینٹری رضوان فورس کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ الجزیرہ کے مطابق حزب اللہ فائٹرز نے اسرائیلی فوجیوں کی لبنان میں زمینی رستے سے داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دیا اور اس دوران اسرائیلی فوج کو جانی نقصان بھی ہوا۔ لبنانی خبر ایجنسی المیادین کا کہنا ہیکہ چہارشنبہ کی صبح اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 2 اسرائیلی سپاہی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسرائیلی ہاسپٹلس میں منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ اسرائیل نے اپنی فوج کی ڈویژن 98 جوکہ 10 سے 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے اسے لبنان کی سرحد پر تعینات کر رکھا ہے اور اسرائیل نے لبنان میں زمینی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔اس کے بعد اسرائیل کی بری فوج حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کیلئے جنوبی لبنان کے اندر داخل ہوئی تھی جہاں انھیں جانباز جنگجوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ ا۔میڈیا کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے قصبے عودیسیہ میں دراندازی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر کے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو پسپا ہونے سے قبل جھڑپ میں شدید نقصان اْٹھانا پڑا ہے۔ مالی اور جانی نقصان پر اسرائیلی فوجی واپس بھاگ کھڑے ہوئے۔ادھر دہلی کی تغلق روڈ پر واقع اسرائیل کے سفارتخانہ کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم صیہونی میڈیا نے لبنان کے قصبے میں ایک سنگین سیکیورٹی واقعہ کی اطلاع دی ہے جس میں شمال میں ہاسپٹلس کو الرٹ رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنانی قصبے میں فوجی ہیلی کاپٹرز زخمی اہلکاروں کو ہاسپٹل منتقل کر رہے ہیں۔ اسرائیل نے فضائیہ حملوں کے بعد لبنان کے جنوبی علاقوں میں دوبدو لڑائی کیلئے اپنی بری فوجیں داخل کی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بری فوج نے درجن سے زائد دیہاتوں کو خالی کروالیا۔
No Comments: