نئی دہلی: بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے کر ہندوستان آ گئی ہیں۔ پیر کی شام ان کا ہیلی کاپٹر یوپی کے غازی آباد میں فضائیہ کے ہنڈن ایئربیس پر اترا۔ مانا جا رہا ہے کہ شیخ حسینہ یہاں سے کسی اور ملک کے لیے روانہ ہو سکتی ہیں۔دریں اثناء دہلی پولیس نے بنگلہ دیش کے بحران کے پیش نظر چانکیہ پوری میں واقعہ بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ ہائی کمیشن کے باہر مزید رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں اور وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے سینئر افسران نے سیکورٹی انتظامات کا معائنہ کرنے کے لیے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں نے گزشتہ ماہ پرتشدد شکل اختیار کر لی تھی۔ حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک کم از کم 300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ پیشرفت اتوار کے روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد کے ہلاک اور 1000 سے زیادہ زخمی ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔بنگلہ دیش کے معروف اخبار ‘دی ڈیلی سٹار نے رپورٹ کیا، ’’تین ہفتوں سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں مرنے والوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ شہری تحریکوں کے دوران یہ بنگلہ دیش کی تاریخ کا سب سے خونریز دور ہے۔
No Comments: