نئی دہلی :اپوزیشن کی جانب سے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے مطالبے کے درمیان اب این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے لیڈر بھی یہ مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ اس ضمن میں مہاراشٹر میں این ڈی اے میں شامل اجیت پوار گروپ کی این سی پی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بیان اپنی تنظیم سمتا پریشد کی ایک میٹنگ کے بعد دیا ہے۔
سمتا پریشد کی ریاستی سطح کی یہ میٹنگ چھگن بھجبل نے بلائی تھی۔ اس میٹنگ میں مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن سمیت کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں منگیش ساسانے اور لکشمن ہاکے کی صحت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چھگن بھجبل نے کہا کہ وہ اس بات پر سختی سے قائم ہیں کہ او بی سی سے مراٹھا برادری کے لیے کوئی ریزرویشن نہیں ہے۔ بھجبل نے کہا کہ اگر ذات پر مبنی مردم شماری ہوتی ہے تو پتہ چلے گا کہ او بی سی کی تعداد کتنی ہے۔ اس سے او بی سی کی صورت حال بھی سامنے آجائے گی۔ اگر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی گئی مرکزی حکومت سے ملنے والی رقم بھی او بی سی برادری کو دی جائے گی۔
این سی پی لیڈر نے مزید کہا کہ منگیش ساسانے اور لکشمن ہاکے ہڑتال پر ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ تحریری گارنٹی دے کہ او بی سی ریزرویشن متاثر نہیں ہوگا۔ اس میں ان چیزوں پر بات کی جائے گی جو او بی سی کے ساتھ ناانصافی کا سبب بنیں گی۔ اس لیے انہیں کوئی جارحانہ موقف نہیں اپنانا چاہیے۔ چھگن بھجبل نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کی طرف سے نا انصافی ہو رہی ہے تو میں او بی سی برادری کے ساتھ رہوں گا۔
No Comments: