پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ(جے ڈی یو) لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ رنجن یادو جمعرات کو آر جے ڈی میں شامل ہو گئے۔ آر جے ڈی کے راجیہ سبھا ایم پی منوج جھا نے یادو کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ پارٹی کی رکنیت لینے کے بعد رنجن یادو نے لالو پرساد یادو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران ہر ریاست میں ان کی مانگ ہوتی ہے۔ رنجن یادو نے کہا کہ لالو پرساد یادو نے ملک کے چار وزرائے اعظم کے ساتھ کام کیا ہے۔ یہ سب وزیر اعظم لالو پرساد یادو کو اپنے علاقے میں انتخابی مہم کے لیے کہتے تھے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہار میں لالٹین کی لہر چل رہی ہے۔آر جے ڈی کے ریاستی دفتر میں منعقد تقریب میں منوج جھا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی پلیٹ فارم سے بکواس کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹ بولنے والی مشین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر کے دوران کسی بھی اسٹیج پر جھوٹ پکڑنے والی مشین لگائی جائے تو وہ بھی کام کرنا بند کردیگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ گولوالکر کے لوگ ہیں، جنہیں ریزرویشن اور بابا صاحب سے مسئلہ تھا۔ منڈل کمیشن کی رپورٹ میں 3700 سے زیادہ ذاتیں پسماندہ ذاتیں ہیں۔ انہیں منڈل کمیشن کی رپورٹ کا علم نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی اور کانگریس کے منشور میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ ان میں بنیادی چیزیں مشترک ہیں۔
No Comments: