قومی خبریں

خواتین

جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی شاندار فتح ،مخالف ٹیم کو 243رنزسے ہرایا

وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری ۔ٹیبل ٹاپر کی جنگ میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو کوئی موقع نہیں دیا

کولکتہ : وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری اور شریس ایئر کی 77 رنز کی اننگز کے بعد ہندوستان نے رویندر جڈیجہ کے ‘پنچہ کی مدد سے جنوبی افریقہ کو 243 رنز سے شکست دے دی۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں میزبان ٹیم انڈیا کی یہ لگاتار 8ویں جیت ہے۔ ٹیبل ٹاپر کی جنگ میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو کوئی موقع نہیں دیا۔ ہندوستانی بلے بازوں نے پہلے پروٹیز گیند بازوں کی جم کر خبر لی اور اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو سستے میں پویلین واپس بھیج کر بڑی جیت درج کرلی ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے 8 جیت کے ساتھ 16 پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں اور ٹیم انڈیا نے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم 27.1 اوورز میں 83 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ جنوبی افریقہ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پروٹیز ٹیم 40 رنز کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ سلامی کوئنٹن ڈی کاک (05 رنز) اننگز کے دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ کپتان ٹیمبا باوما (11 رنز) کو 9ویں اوور کی تیسری گیند پر رویندر جڈیجہ نے پویلین کی راہ دکھائی ۔ایڈن مارکرم (09) کو محمد سمیع نے راہل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کلاسین ایک رن بنا کر جڈیجہ کا شکار بنے جبکہ دوسین محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ جڈیجہ نے ملر کو 11 رنز پر بولڈ کیا جب کہ کیشو مہاراج 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جڈیجہ نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں شاندار آغاز کیا۔ روہت نے 40 جبکہ گل نے 23 رنز بنائے۔ شریس ایئر نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہیں وراٹ کوہلی اپنی سالگرہ پر اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترے۔ انہوں نے ون ڈے میں اپنی 49ویں سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ ان کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 327 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *