قومی خبریں

خواتین

بہار میں آتشزدگی کا سنسنی خیزواقعہ۔ 50 سے زائد گھر وں کو نقصان

حادثہ میں باپ ۔بیٹے زخمی ،کئی گائے ،بچھڑے اور بکریا ں وغیرہ آگ کی زد میں آکر ہلاک

سپول: ضلع سپول میں چولہے کی ایک چنگاری نے آگ کی ایسی خوفناک شکل اختیار کر لی کہ ہر طرف افرا تفری پھیل گئی۔ اس آگ میں 50 سے زائد گھر خاکستر ہو گئے اور درجنوں مویشیوں کی بھی موت ہو گئی۔ حالات بے قابو اس لیے ہو گئے کیونکہ آگ کی وجہ سے ایک گیس سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔ پھر تو اس آگ نے لاکھوں کی ملکیت کو اپنے نرغے میں لے لیا۔اس حادثہ میں ایک باپ-بیٹے کے بری طرح زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ دونوں کو سنگین حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک بچہ غائب بھی بتایا جا رہا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیوں نے گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس آتشزدگی کے بعد فوری طور پر کوئی بڑا افسر موقع پر حالات کا جائزہ لینے نہیں پہنچا۔ اس سے لوگوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
واقعہ سپول کے جدیا تھانہ حلقہ کا ہے۔ حادثہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ پلواہا پنچایت کے وارڈ نمبر 7 میں منگل کی دوپہر بھتّا مہادلت ٹولہ میں پچھیا ہوا سے ایک گھر میں چولہے کی چنگاری بھڑکی جو اچانک گھر میں پھیل گئی۔ اس آگ کی زد میں ایک گھریلو گیس سلنڈر آ گیا اور اس میں دھماکہ ہوتے ہی آگ ہر طرف تیزی کے ساتھ پھیلنے لگی۔ جب تک لوگ کچھ سمجھ پاتے، تب تک درجنوں گھر پوری طرح آگ کی زد میں آ چکے تھے۔آگ لگنے سے گھنٹوں تک افرا تفری کا عالم رہا۔ فائر بریگیڈ نے گاؤں والوں کی مدد سے کسی طرح اس آگ پر قابو پایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثہ میں 10 سے زائد گائے اور بچھڑے جھلس کر ہلاک ہو گئے، جبکہ 50 سے زائد بکریاں بھی جھلس کر مر گئیں۔ کئی موٹر سائیکل، آٹا چکی مشین اور دیگر سامان بھی جل کر راکھ ہوگئے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *